منگلورو ، 5 / ستمبر (ایس او نیوز) ڈسٹرکٹ چیف اینڈ سیشنس کورٹ نے شادی سے انکار پر اپنی معشوقہ کا قتل کرنے والے مجرم کو 25 ہزار جرمانے کے ساتھ عمر قید کی سزا سنائی ۔
اس معاملے کا ملزم سندیپ راتھوڑ (23 سال) ہے ، جو وجیاپورا ضلع کے سندگی تعلقہ کا رہنے والا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نے فیس بک کے ذریعے انجنا وسشٹا سے سال 2018 میں دوستی کر لی ۔ پھر ان دونوں میں عشق و محبت پروان چڑھ گئی ۔ دونوں سے ملازمت حاصل کرنے کے بعد شادی کرنے کا فیصلہ کیا ۔
اس دوران سندیپ راتھوڑ پولیس سب انسپکٹر کی ملازمت کے لئے تحریری امتحان دینے کے مقصد سے انجنا کے ساتھ منگلورو چلا آیا ۔ ان دونوں نے اپنے آپ کو شادی شدہ بتا کر شہر کے اتاور علاقے میں واقع پائیس کاٹیج میں کرایے کے مکان میں رہنا شروع کیا ۔
کچھ دن بعد انجنا اپنے گاوں چلی گئی تو اس کے گھر والوں نے اس کی شادی کسی اور کے ساتھ طے کر دی جسے انجنا نے بھی قبول کیا اور اس نے سندیپ کو اس بات کی اطلاع دیتے ہوئے اب اس سے الگ ہونے کو کہا ۔
اس بات سے ناراض سندیپ نے انجنا کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور کسی بھی طرح اسے ایک بار منگلورو آنے پر راضی کر لیا ۔ 7 جون 2019 کو جب انجنا منگلورو میں سندیپ راتھوڑ کے پاس پہنچی تو دونوں کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی اور پھر راتھوڑ نے ٹی وی کیبل سے انجنا کا گلا دبا کر اسے قتل کرنے کے بعد انجنا کا موبائل فون اور اے ٹی ایم کارڈ لے کر موقع پر سے فرار ہوگیا ۔ اس کے بعد معاملے کی تفتیش کرنے والی منگلورو پولیس کی ٹیم نے ملزم سندیپ راتھوڑ کو سندگی سے گرفتار کیا تھا ۔
جسٹس رویندرا ایم جوشی نے کیس کی سماعت کے بعد ملزم پر جرم ثابت ہونے پر مذکورہ بالا سزا سنائی ۔ ریٹائرڈ پبلک پروسیکیوٹر بی شیکھر شیٹی نے استغاثہ کے لئے پیروی کی تھی اس کے علاوہ پبلک پراسیکیوٹر جوڈیتھ اولگا مارگریٹ کراسٹا نے اضافی تفتیش اور بچث کی کارروائی انجام دی ۔